وینزویلا کے اتحادی روس،چین،کولمبیااورایران امریکا پرتپ گئے

ماسکو(جانوڈاٹ پی کے)روس، ایران، کولمبیا اور کیوبا نے وینزویلا پر امریکی حملےکی مذمت کی ہے۔
روس نےوینزویلا کی قیادت کی ملکی مفادات اور خود مختاری کے دفاع کی پالیسی کی حمایت جاری رکھنےکا اعادہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ وینزویلا کے خلاف امریکی حملوں پر سخت تشویش ہے، وینزویلا پر امریکی حملوں کی مذمت کرتےہیں۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ لاطینی امریکا کو زون آف پیس رہنا چاہیے، ضروری ہے مزید کشیدگی کو روکا جائے ، بات چیت کے ذریعے صورتِ حال سے نکلنے کا راستہ تلاش کیا جائے۔
ایران نے امریکی حملے کو وینزویلا کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور سلامتی کونسل سے فوری کارروائی کرنے اور ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرانےکا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہےکہ امریکا نے وینزویلا پر حملہ کرکے صدر مادورو اور اہلیہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کارروائی امریکی جنگی طیاروں نے کی۔ ڈیلٹا فورس نے دارالحکومت کاراکاس میں اہداف کو نشانہ بنایا، فوجی ہیڈ کوارٹرز پر بھی حملہ کیا۔
صدر ٹرمپ نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مادورو اور اہلیہ کو وینزویلا سے باہر منتقل کردیا گیا ہے۔
وینزویلا نے امریکی حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ امریکا نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، یہ کھلی جارحیت ہے جس کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا ہے۔
ادھر امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ پر امریکا میں قائم مقدمات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ پر منشیات اور دہشت گردی سمیت امریکا کے خلاف استعمال کے لیے ہتھیاروں کے حصول کی سازش کے الزامات ہیں ، دونوں پر نیویارک کے جنوبی ڈسٹرکٹ میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے ، انہیں جلد ہی امریکی عدالتوں میں انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی اٹارنی جنرل نے 7 اگست 2025 کو وینزویلا کے صدر کی گرفتاری پر 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا ۔



