لالا اسد پٹھان کی حکومت کو کھلی للکار: صحافتی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے سیکریٹری فنانس لالا اسد پٹھان نے کہا ہے کہ صحافتی آزادی سلب کرنے والے کالے قوانین کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے اور صحافی برادری کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔
انہوں نے حکومت کو دوٹوک پیغام دیا کہ اگر پی ایف یو جے نے احتجاج یا لانگ مارچ کی کال دی تو کوئٹہ سے کشمیر تک صحافی اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے اور پارلیمنٹ کے سامنے تاریخی احتجاج کریں گے۔
10 جنوری کو سکھر پریس کلب میں سندھ ریجنل جرنلسٹس کنونشن منعقد ہوگا، جس میں 11 اضلاع کے ایک ہزار سے زائد صحافی شرکت کریں گے۔ کنونشن میں میڈیا قوانین، صحافتی اخلاقیات، آزادی اظہار، صحافیوں کے مسائل اور نوجوان صحافیوں کی تربیت پر غور کیا جائے گا اور آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
روہڑی پریس کلب اور سکھر کے صحافیوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ بھر کے صحافی پی ایف یو جے کے شانہ بشانہ ہر احتجاج اور تحریک میں عملی کردار ادا کریں گے۔



