مٹیاری:جاری ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت، غیر معیاری کام پر قانونی کارروائی ہوگی، کمشنر حیدر آباد

ھالا (رپورٹ امجد راجپوت،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ مٹیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جائے، کام کے معیار کو برقرار رکھا جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا یقینی بنایا جائے، بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ سے ضلع میں جاری مختلف منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ منصوبوں کو مقررہ لاگت اور مدت کے اندر مکمل کرنے سے سرکاری بجٹ کا بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے اور عوام بھی ان منصوبوں سے مستفید ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر معیاری کام کرنے اور وقت پر منصوبے مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے ٹھیکے منسوخ کر کے انہیں بلیک لسٹ کیا جائے، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کمشنر حیدرآباد نے اس موقع پر سیف سٹی اسٹیشن اور ویٹنگ ایریا، لیڈیز پارک مٹیاری، ایم ڈی ایم ہائی اسکول کے آڈیٹوریم کی بحالی، جم خانہ، گرلز لائبریری، انڈور گیمز کمپلیکس، سرکٹ ہاؤس کی بحالی اور دیہی صحت مرکز میں قائم ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے شہر کے پرانے ڈرینیج کے مسئلے کے حل کے حوالے سے بتایا کہ کالی کھڈ کو ڈسپوزل کے ذریعے خالی کر کے مٹیاری شہر کے گندے پانی کی درست نکاسی کا منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ اس کھڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے ایک خوبصورت سٹی پارک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے ڈرینیج منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر حیدرآباد نے دی گئی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ذاتی طور پر منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں، اسی وجہ سے بھٹ شاہ میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کرکٹ گراؤنڈ کا منصوبہ، جو 2023 میں منظور ہوا تھا اور جسے جون 2026 میں مکمل ہونا تھا، مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا، جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔

کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع اور خصوصاً بھٹ شاہ میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ درگاہ پر آنے والے زائرین، سیاحوں اور شاہ سائیں کے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت اور دیکھ بھال میں عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تبھی ان منصوبوں کے ثمرات انہیں حاصل ہو سکیں گے۔

بعد ازاں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کے ہمراہ درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی پر حاضری دی، مزارِ شریف پر چادر چڑھائی اور دعا کی۔

مزید خبریں

Back to top button