مٹھی: جونیجہ برادری کے گھروں پر حملے کیخلاف شدید احتجاج، وکیل نصیر کلہوڑو کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) جونیجا ویلفیئر آرگنائزیشن سنٹر کی کال پر ضلع قمبر کے گاؤں اللہ رکھہ جونیجو میں جونیجہ برادری کے گھروں پر جدید ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملے کے خلاف مٹھی میں کشمیر چوک پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مرکزی صدر برکت علی خان جونیجو اور نائب صدر احمد علی خان جونیجو نے کی۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ چند روز قبل وکیل نصیر کلہوڑو، واحد بخش کلہوڑو، صدام کُوری، معشوق کلہوڑو، ارشد کلہوڑو اور علی گل کُوری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاؤں اللہ رکھہ جونیجو میں جونیجہ برادری کے گھروں پر دستی بموں اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 3 بچیاں زخمی ہوئیں۔ زخمیوں کو پولیس کی نگرانی میں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مرکزی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ جونیجہ ویلفیئر آرگنائزیشن سینٹر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں جونیجہ برادری سے وابستہ وکلا کی جانب سے کراچی بار کے رہنماؤں اور سندھ بار کونسل کے اراکین کے سامنے واقعے کے تمام شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان بار کونسل، سندھ بار کونسل، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس آف سندھ سے اپیل کی کہ واقعے میں ملوث وکیل نصیر کلہوڑو کی رکنیت فوری طور پر معطل کرکے واقعے کی شفاف جوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ متاثرہ جونیجہ برادری کو انصاف مل سکے۔

احتجاج میں شریک جونیجہ ویلفیئر آرگنائزیشن ڈسٹرکٹ تھرپارکر کے صدر اسلم جونیجو، انور جونیجو، اوبھایو جونیجو، کریم داد جونیجو، عبدالستار جونیجو، متل جونیجو، غلام رحیم جونیجو، موسیٰ جونیجو اور مظہر جونیجو نے کہا کہ معصوم بچیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی اور امید ہے کہ سندھ بار مظلوموں کی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ اس واقعے کو ایک مثال بنایا جائے کہ پاکستان میں کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور معصوم بچیوں کو پاکستانی قانون کے مطابق پورا انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button