ایران:سال2025میں 1500 افراد کو پھانسی دی گئی، 35 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران میں 2025 کے دوران کم از کم 1500 افراد کو سزائے موت دی گئی، جو گزشتہ 35 برسوں میں کے دوران سب سے زیادہ تعداد ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ناروے میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ایران ہیومن رائٹس نے اپنے بیان میں اس تعداد کو سزائے موت کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ قرار دیا ہے۔
تنظیم کے ڈائریکٹر محمود امیری مقدم کے مطابق یہ اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 35 سال میں کبھی بھی اتنی بڑی تعداد میں پھانسیاں نہیں دی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ 2025 کے حتمی اعداد و شمار ابھی جاری نہیں کیے گئے تاہم تنظیم نے کم از کم 1500 سزاؤں کی تصدیق کر لی ہے جن میں سے 700 سے زائد افراد کو منشیات سے متعلق جرائم میں پھانسی دی گئی۔
ایران ہیومن رائٹس کے مطابق سزائے موت میں یہ اضافہ ستمبر 2022 میں شروع ہونے والے احتجاج کے بعد سامنے آیا۔
تنظیم کے مطابق 2022 میں ایران میں 500 سے زائد افراد کو پھانسی دی گئی، 2023 میں یہ تعداد 800 سے تجاوز کر گئی، 2024 میں کم از کم 975 افراد کو سزائے موت دی گئی جبکہ 2025 میں یہ تعداد کم از کم 1500 تک پہنچ گئی۔



