گوجرانوالہ کے سیکڑوں لوکل گورنمنٹ ملازمین 2 ماہ سے تنخواہوں اور پنشنوں سے محروم

گوجرانوالہ(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ خزانہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کی زیر نگرانی شہر و ضلع گوجرانوالہ کی سیکڑوں یونین کونسلوں میں تعینات سیکرٹریوں ‘کلرکوں و دیگر عملہ گذشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم’جبکہ ریٹائرڈ ملازمین بھی پنشنوں سے تاحال محروم ہیں ۔ قیامت خیز مہنگائی نے تو پہلے ہی ادنیٰ ملازمین سمیت دیگر محنت مزدوری کرنیوالوں کیلئے عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے ۔ غریب طبقہ مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے زندہ درگور ہو کر رہ گیا ہے ۔ متاثرین نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ‘ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گوجرانوالہ اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے فوری نوٹس لینے اور تنخواہوں و پنشنوں کی فوری ادائیگیوں کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غریب ملازمین کے بیوی بچے بھوک اور افلاس سے محفوظ رہ سکیں ۔ جبکہ آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری و مزدور قائد بلدیات حاجی نصیرالدین ہمایوں ملک نے تمام متعلقہ اداروں کے ذمہ دار افسران پر زور دیا ہے کہ وہ غریب متاثرہ ملازمین کی تنخواہوں و پنشنوں کی فوری ادائیگیوں کا اہتمام کریں تاکہ متعلقہ اداروں کے افسروں کیخلاف غم و غصہ و نفرت کی فضا پیدا نہ ہونے پائے جبکہ دیگر مزدور رہنمائوں محمد زبیر انصاری ‘محمد شہباز ‘محمد ندیم’ امجد سلیم و دیگر رہنمائوں نے بھی متاثرہ ملازمین کی تنخواہوں و پنشنوں کی فوری ادائیگیوں کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید خبریں

Back to top button