پاکستان ریلویز کے فریٹ سیکٹر کی ریکارڈ آمدن ، 6ماہ میں 17 ارب کی کمائی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ریلویز کے فریٹ سیکٹر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ آمدن حاصل کر لی ہے۔

 فریٹ سیکٹر نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 17 ارب روپے کما لیے ہیں، جبکہ مالی سال کے اختتام تک صرف فریٹ سیکٹر سے 38 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے۔

ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق، ہڑتال کے باوجود نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں فریٹ سیکٹر نے مسلسل تین ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا، جو ادارے کی بہتر حکمتِ عملی اور انتظامی اصلاحات کا ثبوت ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ 2026ء میں پاکستان ریلویز پہلی بار ایک کھرب روپے آمدن حاصل کرنے والا ادارہ بننے جا رہا ہے۔ نئے سال کے اختتام تک ریلوے کی تمام ٹرینوں کو مرحلہ وار اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے بعد اب سفر کو محفوظ ترین بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ رواں برس کے دوران ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، ریلوے کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی جائے گی اور ریلوے پولیس کو جدید خطوط پر تربیت دی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق ان اقدامات کے بعد ریلوے مسافروں کو دورانِ سفر تحفظ اور اعتماد کا بھرپور احساس حاصل ہو گا۔

مزید خبریں

Back to top button