لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)مغربی سسٹم کے زیر اثر لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں آج بھی بارش کا امکان ہے جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ملک بھر کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں بارش اور برفباری کا سسٹم موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 2 جنوری کے دوران پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آج لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں صبح سے کالے بادلوں نے آسمان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
ڈی جی کے مطابق شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔ سیاحوں کی سہولیات کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم ہیں۔
ترجمان ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں، دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی میں 18، مری 12، ساہیوال 8، میانوالی 6، جھنگ 5، چکوال، جوہرآباد، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 4 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ بھکر، نارووال اور فیصل آباد میں 3، اٹک، سرگودھا، منڈی بہاالدین اور شور کوٹ میں 2 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، جہلم، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، خانیوال، کوٹ ادو، لیہ، شیخوپورہ اور لاہور میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں کے باعث دھند و اسموگ کی صورتحال میں کمی واقع ہوئی۔



