سال نو کے آغاز پر مری میں پہلی برفباری، عوام خوشی سے جھوم اٹھے، سیاحوں کی غیر معمولی تعداد کو داخلی راستوں پر روک دیا گیا

مری(جانوڈاٹ پی کے)سال نو کے آغاز پر ملکۂ کوہسار مری میں پہلی برفباری نے سماں باندھ دیا۔ پہاڑوں اور وادیوں پر برف کی سفید چادر بچھتے ہی سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح نیو ایئر منانے اور برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے مری پہنچ گئے۔

برفباری شروع ہوتے ہی سیاح خوشی سے جھوم اٹھے اور حسین مناظر کی تصاویر و ویڈیوز بنانے میں مصروف دکھائی دیے۔

سیاحوں کی غیر معمولی آمد کے باعث انتظامیہ نے ٹریفک کنٹرول کے لیے فول پروف اقدامات کیے۔ پھلگراں ٹول پلازہ اور سترہ میل ٹول پلازہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سیکڑوں گاڑیوں کو روک دیا گیا۔

جبکہ مقامی شہریوں کو بھی ٹول پلازہ سے آگے جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔

نیو ایئر نائٹ کے موقع پر جاری برفباری کے باعث چیف ٹریفک آفیسر مری نے تفصیلی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سڑکیں سلپری ہونے کی وجہ سے ٹائر چین کا استعمال کریں، گاڑی کو سڑک پر ہرگز پارک نہ کریں بلکہ صرف مقررہ پارکنگ ایریاز استعمال کریں۔

سیاح مری آنے سے قبل گاڑی کی مکمل جانچ پڑتال کریں اور دورانِ سفر خشک میوہ جات، گرم ملبوسات اور ضروری سامان ساتھ رکھیں۔ غیر ضروری سفر خصوصاً رات کے وقت کرنے سے گریز کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر مری عمران رزاق خود فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام شاہراہوں پر ٹریفک کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ کسی بھی ٹریفک مسئلے کی صورت میں کنٹرول روم نمبر 051-9269200 پر رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب موٹروے پولیس نے مری ایکسپریس وے پر اضافی نفری اور گاڑیاں تعینات کر دی ہیں۔

موٹروے پولیس کے مطابق تمام مشینری ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور شہری موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

مزید خبریں

Back to top button