2025 کی یادگار کامیابیاں: بھارت کیخلاف فوجی فتح، شاہینز کی ایشیا کپ کی فتح اور زرمبادلہ میں اضافہ،2026 سے قوم کی نئی امیدیں وابستہ

لاہو(جانوڈاٹ پی کے)سال 2025 پاکستان کیلئے کئی حوالوں سے فیصلہ کن اور یادگار سال ثابت ہوا۔
رواں سال مئی میں پاکستان نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دی جس کے دوران پاکستان نے بھارت کے کم از کم 6 طیارے مار گرائے۔ ان واقعات کا ذکر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی مختلف تقاریر میں کرتے رہے جس نے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو نمایاں کیا۔
اسی سال پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک تاریخی دفاعی معاہدہ طے پایا جسے خطے میں اسٹریٹجک تعاون کے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کھیلوں کے میدان میں سال ملا جلا رہا۔ قومی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ تاہم جونیئر ٹیموں نے قوم کو خوشخبریاں دیں۔ پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ جیتا جبکہ اس کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بھی ایشیا کپ اپنے نام کر کے مستقبل کے لیے امیدیں روشن کر دیں۔
معاشی محاذ پر بھی مثبت پیش رفت سامنے آئی۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مارچ 2022 کے بعد پہلی بار بڑھ کر 21.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جسے معاشی استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
نئے سال کے آغاز کے ساتھ عوامی جذبات بھی حوصلہ افزا دکھائی دیتے ہیں۔ گیلپ پاکستان کے تازہ سروے کے مطابق نصف سے زائد پاکستانی 2026 سے پُرامید ہیں اور اسے معاشی بہتری کا سال قرار دے رہے ہیں۔ سروے کے مطابق عالمی سطح پر جہاں صرف 37 فیصد لوگ نئے سال میں بہتری کے لیے پُرامید ہیں، وہیں پاکستان میں یہ شرح 51 فیصد تک پہنچ گئی، جو دنیا کے کئی ممالک سے زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق 2025 کی کامیابیاں اور عوامی اعتماد 2026 کے لیے ایک مثبت بنیاد فراہم کر رہے ہیں، جس سے ملک میں سیاسی، معاشی اور سماجی بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔



