غزہ: اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، شدید بارشوں نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات بڑھا دی

غزہ (جانوڈاٹ پی کے)غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں جبکہ بارشوں نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
اسرائیلی افواج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور جنگ بندی معاہدے کی تقریباً روزانہ خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، شدید بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں رفح کے شمالی علاقے، خان یونس کے مشرقی حصے، وسطی غزہ کے مغازی کیمپ اور بیت لاہیا کو نشانہ بنایا گیا۔
جنوبی اور وسطی غزہ میں گولہ باری کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، جبکہ غزہ کے علاقے شجاعیہ میں ایک حملہ بے گھر خاندان کے خیمے کے قریب ہوا۔
امریکا کی ثالثی میں اکتوبر میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہونے والے یہ تازہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب لاکھوں بے گھر فلسطینی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
تیز بارشوں اور آندھیوں نے عارضی کیمپوں کو نقصان پہنچایا اور لوگوں کے پاس موجود محدود سامان بھی تباہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اب تک جنگ بندی کے نفاذ کے بعد 969 خلاف ورزیاں کر چکا ہے، جن کے نتیجے میں 418 شہری شہری اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔



