چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا تھرپارکرکادورہ، کارونجھر سجاگ فورم کا شدید احتجاج

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) چیف جسٹس آف سپریم کورٹ پاکستان یحییٰ خان آفریدی اور چیف جسٹس آف سندھ ہائے کورٹ ظفر احمد راجپوت سرکاری دورے پر ضلع تھرپارکر پہنچے۔ معزز جج صاحبان کی آمد کے موقع پر ضلع انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے سکیورٹی اور پروٹوکول کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔
چیف جسٹس آف سپریم کورٹ پاکستان اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ مٹھی پہنچنے کے بعد ننگرپارکر کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں وہ ننگرپارکر کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کریں گے اور مقامی صورتحال، عدالتی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیں گے۔
دورے کے شیڈول کے مطابق معزز چیف جسٹس صاحبان ننگرپارکر میں واقع روپلو گیسٹ ہاؤس میں رات قیام (نائٹ اسٹی) کریں گے۔ بعد ازاں مورخہ 30 دسمبر 2025 کو چیف جسٹس آف سپریم کورٹ پاکستان مٹھی میں قائم ہونے والے جوڈیشل کیمپس مٹھی کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، جس سے ضلع تھرپارکر کے عوام کو عدالتی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔
اس وزٹ پروگرام کے دوران چیف جسٹس آف سپریم کورٹ پاکستان کے ہمراہ سیشن جج تھرپارکر میر غلام حسین ٹالپر، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ایس ایس پی اسپیشل برانچ میرپورخاص رینج فضل الحق چانڈیو، اور ایس پی تھرپارکر جناب شعیب میمن بھی موجود ہیں۔
ضلع انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے معزز چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو مکمل پروٹوکول فراہم کیا گیا جبکہ سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامی امور کو مؤثر انداز میں سرانجام دیا جا رہا ہے۔ مجموعی طور پر دورہ پُرامن اور خوش اسلوبی سے جاری ہے۔
دوسری جانب ننگرپارکر میں چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کی آمد کے دوران کارونجھر سجاگ فورم کی جانب سے الہرکھیو کھوسو اور مصطفی دل کی سربراہی میں کارونجھر کو عالمی ورثہ میں شامل کروانے اور کٹائی کو روکنے کے لیئے ہاتھوں میں پینا فلیکس لے کر احتجاج رکارڈ کروایا گیا۔



