تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی معاشی اور سماجی مسائل کی ایک بڑی وجہ بنتی جا رہی ہے، ریجنل الیکشن کمشنر

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے) ریجنل الیکشن کمشنر ابرار احمد جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی معاشی اور سماجی مسائل کی ایک بڑی وجہ بنتی جا رہی ہے، جس پر بروقت توجہ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر اکا اظہار محکمہ صحت و آبادی کے زیر اہتمام عالمی بینک کے تعاون سے منعقدہ ایک آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ صحت و آبادی آفتاب احمد اعوان نے اپنے خطاب میں متوازن خاندان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبادی میں توازن ہی بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے تمام اداروں اور سماجی طبقات کے باہمی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اس موقع پر چیئرمین شعبہ تاریخ، سرگودہا یونیورسٹی پروفیسر ابرار ظہور نے اعداد و شمار کی مدد سے پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کا علاقائی اور عالمی سطح پر موازنہ پیش کیا اور شرکاء کو اس کے ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا۔ سوشل ورکر میڈم قیصرہ اسماعیل نے قومی بیانیہ اور آبادی میں توازن کے موضوع پر گفتگو کی۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی محمد الطاف حسین پنجوتھہ نے سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام عوام میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سیمینار میں علماء کرام، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، الیکشن کمشنر، این جی اوز نمایندگان اور سوشل انفلوئنسرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



