شکارپور میں مہر جتوئی قبائلی تصادم کیخلاف شہریوں کی احتجاجی ریلی، 55 ہلاکتوں پر فوری کارروائی کا مطالبہ

شکارپور( رپوٹ سیف مصطفیٰ / نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شکارپور مہر جتوئی قبائلی خونی تصادم کے خاتمے کے لیے شکارپور کے شہریوں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
احتجاجی ریلی جہاز چوک سے اللہ والا چوک تک نکالی گئی، جس کی قیادت شہری رہنماؤں عزیر قریشی، راشد لاشاری، فہد سولنگی اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے قبائلی تصادم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہر جتوئی قبائلی تصادم کی آڑ میں سردار اور وڈیرے اپنے ذاتی مفادات حاصل کر رہے ہیں، جس کے باعث علاقہ مسلسل بدامنی کا شکار ہے۔ مظاہرین کے مطابق قبائلی جھگڑوں کے نتیجے میں اب تک 55 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ خونی تصادم مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
شرکاء نے کہا کہ ان جھگڑوں کے باعث کئی ماؤں کی گودیں اجڑ چکی ہیں، جبکہ کاروبار، تعلیم اور عام شہری زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
مظاہرین نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ جھگڑنے والے گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے قبائلی تصادم کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔



