سرگودھا: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صحت کے شعبے میں غفلت پر دو اعلیٰ افسران کو فوری برطرف کردیا

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں فرائض سے غفلت برتنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے سرگودھا کے دو اعلیٰ افسران کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے جاری کردہ احکامات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر سارہ کو فرائض میں کوتاہی اور ناقص انتظامی کارکردگی پر فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔اسی طرح تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فہد شاہین کو بھی مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں غفلت اور ناقص کارکردگی پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے سرگودھا کے سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج کی سہولت میسر آئے گی۔



