وسیم اکرم پی ایس ایل کےبرانڈ ایمبسڈر مقرر،محسن نقوی کا ملتان سلطانز کی ٹیم خودچلانے کا بھی اعلان

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سابق کپتان وسیم اکرم کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل ختم ہونے کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی کریں گے، پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کو پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، علی ترین اگر نئی ٹیم کی بولی میں کامیاب ہوں گے تو وہ ضرور ٹیم کے مالک بن سکتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کا آغاز اب 26 کے بجائے 23 مارچ سے کرنے کا سوچ رہے ہیں، یہ فیصلہ تمام فرنچائز کی مشاورت سے کریں گے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وسیم اکرم پی ایس ایل کیلئے کام کرینگے اور 8 جنوری کو دو ٹیموں کی نیلامی کے دوران موجود ہوں گے۔ اب ساری توجہ آٹھ جنوری کودونئی ٹیموں کی بولی پر ہے۔ ہر جگہ سے بہت زیادہ دلچسپی ظاہرکی گئی ہے اور مجھے یقین ہے کہ بولی والے دن اچھی قیمت میں ٹیمیں فروخت ہوں گی۔محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کیلئے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کیا ہے جن کے درمیان 8 جنوری کو اسلام آباد میں نیلامی ہوگی۔محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے انڈر 19 ایشیا کپ میں نامناسب رویے پر آئی سی سی کو خط لکھا ہے، اگر بھارتی کھلاڑی ہمارے ساتھ ہاتھ نہیں ملانا چاہتے تو ہمیں بھی ہاتھ ملانے کا شوق نہیں ہے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔



