پی ٹی آئی کو پاکستان مخالف بیانیہ بنا کر سیاست نہیں کرنے دیں گے، ایم کیو ایم پاکستان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو پاکستان مخالف بیانیہ بنا کر سیاست نہیں کرنے دیں گے، جب انکوائری کی جائے گی تو سب کیلئے مسئلہ ہوگا۔
ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا موجودہ بیانیہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے برطانیہ میں ملک کے خلاف باتیں کی گئیں، پی ٹی آئی کی جانب سے کی گئی باتیں تشویشناک ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظررکھیں، اوورسیز پاکستانی اپنے بچوں کو ایسے پروپیگنڈے سے دور رکھیں، پی ٹی آئی بیانیہ دفن ہوگیا، اب یہ اوورسیز پاکستانیوں کو ورغلا رہے ہیں، فیلڈ مارشل کو قتل کی دھمکیاں برداشت نہیں کریں گے، جو پاکستان کیخلاف بیانیہ بنائیں گے ہم اس کیخلاف ہیں۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا نفرت انگیز بیانیہ زیادہ دیر نہیں چلے گا، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بانی سے لاتعلقی کا اظہار کرنا چاہیے۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ نے ایک اہم مسئلے پر توجہ دلائی ہے، پی ٹی آئی کا موجودہ لب و لہجہ کبھی کسی نے نہیں اپنایا، پی ٹی آئی کو شخصیت سے بالاتر ہو کر وطن کیلئے کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا ایم کیو ایم نے حکومت میں شامل ہونے کیلئے شرائط رکھی تھیں، ایم کیو ایم نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی شرط رکھی، سندھ حکومت کو15 سال میں 22 ہزار ارب روپے ملے ہیں، 22 ہزار ارب روپے میں سے 11 ہزار ارب روپے کراچی کے تھے، 11 ہزار ارب میں سے کیا 11 ارب بھی کراچی میں لگے؟۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی کو مہارت سے گھٹنوں پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، وفاقی حکومت سے مدد مانگی لیکن سندھ حکومت رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔



