امریکا کی پاکستان کو ریل انجن فراہمی اور معدنی وسائل میں تعاون کی پیشکش

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی انتظامیہ نے پاکستان سے امریکی ساختہ لوکوموٹیوز (ریل انجن ) کی فروخت اور ملک میں موجود معدنی وسائل کے حوالے سے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بات چیت دوماہ قبل وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کے واشنگٹن دورے کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ذرائع نے بتایاکہ امریکی خصوصی معاونین ریمونڈ ایموری کاکس اوررکی گِل نے پاکستانی وفد سے ملاقاتوں میں امریکی تجارتی مفادات کے تحفظ کو ٹرمپ انتظامیہ کی ترجیح قرار دیا۔
رکی گِل نے پاکستان سے امریکی لوکوموٹیوزکی خریداری کیلیے حمایت کی درخواست کی جس کیلیے پہلے ہی ٹینڈر جاری کیاجاچکاہے،چندسال قبل پاکستان نے امریکا سے 55 لوکوموٹیوز خریدے تھے۔ پاکستان ریلویز اس وقت مالی مشکلات کاشکار ہے اور موجودہ لوکوموٹیوزکی مرمت اور بحالی پر انحصارکررہاہے، حال ہی میں 100 ڈیزل الیکٹرک لوکوموٹیوزکی مرمت کے منصوبے کی لاگت بڑھاکر 16 ارب روپے کر دی گئی۔



