وزیرآباد: انجمن فلاح نوجواناں کی تقریب میں قائداعظم کی اصولی قیادت اور پاکستان کے روشن مستقبل پر زور

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)قائداعظم نے مسلمانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آزادی اور الگ شناخت کی راہ دکھائی، قائداعظم کی اصولوں پر مبنی سیاست، کبھی مسلمانوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا، بابائے قوم مذہبی آزادی، قانون کی حکمرانی، آئینی بالادستی، مساوات کے علمبردار تھے،قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا ویژن ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے تھا۔ان خیالات کا اظہار صدر حاجی محمدشفیق اور جنرل سیکرٹری عدنان محمود گجر نے انجمن فلاح نوجواناں کے زیر اہتمام ادارہ ترک منشیات کئیر سنٹر اور ایف این آرفن کئیر ہوم میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی یوم پیدائش کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈاکتر جمال خان،محمد اسلام ودیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے مسلمانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آزادی اور الگ شناخت کی راہ دکھائی ان کاعزم تھا ہماری خارجہ پالیسی دنیاکی تمام اقوام کے ساتھ دوستی وخیرسگالی پرمبنی ہے،بانی پاکستان کے مطابق آگے بڑھنے کیلئے ان کے رہنما اصولوں کو اپنانا ہوگا،قائداعظم کی قیادت کی بدولت آج ہم ایک آزاد، خود مختار ملک میں زندگی گزاررہے ہیں،وطن عزیز کی سلامتی ہر خوشی سے مقدم ہے ہم سب مل کر پاکستان کے استحکام، سلامتی اور روشن مستقبل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔



