پاک فضائیہ کی یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید کو پاکستانی فضائی حدود میں اعزازی فضائی سلامی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں نے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو پاکستانی فضائی حدود میں شاندار فضائی سلامی پیش کی۔
پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر بلاک III طیاروں کے چھ رکنی دستے نے مہمانِ خصوصی کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی رسمی ایئر ایسکارٹ فراہم کیا۔ مہمان نوازی اور بھائی چارے کے اس شاندار مظاہرے میں فارمیشن لیڈر نے وزیرِ اعظم پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے شیخ محمد بن زاید النہیان کو پرتپاک سلام پیش کیا۔
پاک فضائیہ کی جانب سے یہ فضائی استقبال پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور مضبوط تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ فضائی سلامی دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
واضح رہے کہ JF-17 تھنڈر بلاک III جدید ترین 4.5 جنریشن ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو پاک فضائیہ کی جدید آپریشنل صلاحیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود میں برادر ممالک کے معزز مہمانوں کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبۂ خیر سگالی اور دیرینہ روایات کا تسلسل ہے۔



