وزیرآباد کے گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر،شہریوں کی زندگی اجیرن، تعفن سے مچھراور وبائی امراض پھوٹ پڑے

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) صاف ستھرا پنجاب صرف سب اچھا تک محدود، گلی محلوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں سے شہر کی خوبصورتی سوالیہ نشان بن کر رہ گئی، تعفن سے بیماریاں پھیلنے کے خدشہ،مچھر افزائش پانے لگے،لوگ موذی بیماریوں میں مبتلا،لوگوں کا گلی سے گزرنا محال ہوگیا۔ماڈل کالونی،کٹڑا محلہ،گلی گورو کوٹھا،گلی عزت خان،جناح کالونی،مسلم روڈ،پیر مٹھا روڈ،الہ آباد،نظام آباد سے کئی روز سے عملہ صفائی غائب ہونے سے گندگی کے ڈھیر پہاڑ کا منظر پیش کررہے ہیں ان سے اٹھتے تعفن سے اہل علاقہ موذی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے اور عوام کا جینادوبھر کرکے رکھ دیا،ماڈل کالونی والے قبرستان کے اندر اور گلی شیخ بلال والی میں کوڑے کے ڈھیروں اور گٹڑ کے ابلتے پانی نے بھی جینا دشوار کرکے رکھ دیا ہے۔مشن ہائی سکول کے سامنے گندے پانی نے بھی راستے مسدود کرکے رکھ دیئے۔اہل علاقہ نے بتایا کہ کئی روز سے عملہ صفائی غائب رہنے سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن سے اب تعفن اٹھ رہا ہے اوربچے،بوڑھے،جوان مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں اور مکھی،مچھر کی افزائش بھی ہورہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ،اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد سے صورتحال کا فوری نوٹس لیکر اصلاح واحوال اورمستقل طور پر عملہ صفائی تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



