ایس او ایس تھرپارکر چلڈرن ویلج فیز ٹو کی منظوری، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کا بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ سے اظہارِ تشکر

مٹھی(جانوڈاٹ پی کے)ايم اين اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے مٹھی کے ملانی ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کوٹ کے قریب پریم نگر میں قائم کیے جانے والے نئے ایس او ایس تھرپارکر چلڈرن ویلج کے لیے حمایت کرنے پر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
پریس کانفرنس میں سندھ کے ایس او ایس چلڈرن ویلجز کے چیئرمین سینیٹر (ر) جاوید جبار نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ 16 دسمبر 2025 کو سندھ کابینہ نے SOS تھرپارکر چلڈرن ویلج کے فیز II کے لیے رضاکارانہ بنیادوں پر 47 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں سندھ حکومت نے فیز I کے لیے 43.5 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کوٹ کے قریب پریم نگر میں ایس او ایس تھرپارکر چلڈرن ویلج کے لیے 11 ایکڑ اراضی مفت فراہم کی گئی ہے جو کہ ایک بہت بڑی فلاحی کوشش ہے۔ اس عظیم کام میں ڈاکٹر شہدیو وانکوانی، ڈاکٹر ہریش وانکوانی اور ایم این اے ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
سینیٹر (ر) جاوید جبار نے کہا کہ ڈاکٹر مہیش کمار ملانی تھرپارکر کے یتیموں کی فلاح و بہبود میں غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں اور نئے ایس او ایس ویلج کے قیام کے لیے انتہائی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔
ڈاکٹر مہیش ملانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے سندھ حکومت سے فیز ٹو کی منظوری لی جو عوام دوست پالیسی کا ثبوت ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، سندھ کے چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ، سیکریٹری سماجی بہبود آغا سہیل اور پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
اندازوں کے مطابق جون سے جولائی 2026 کے بعد ایس او ایس تھرپارکر چلڈرن ویلج یتیم بچوں کی دیکھ بھال کا باقاعدہ مرکز بن جائے گا۔
سندھ کے ایس او ایس چلڈرن ویلجز کا انتظامی کام مکمل طور پر آزاد ہے اور بین الاقوامی اور قومی ایس او ایس پالیسیوں اور اصولوں کے مطابق چلتا ہے۔ SOS ولیج کا منفرد تصور یہ ہے کہ ہر گاؤں میں یتیم بچے خاندانی ماحول میں رہتے ہیں، جہاں ہر گھر میں ایک "SOS ماں” بچوں کی پرورش کرتی ہے۔
ایس او ایس تھرپارکر چلڈرن ویلج کا ڈیزائن معروف ماہر تعمیرات طارق حسن نے تیار کیا ہے جو کہ روایت اور جدیدیت کا حسین امتزاج ہے اور ماحول دوست اور ثقافتی لحاظ سے موزوں ہے۔ گاؤں میں 15 بچوں کے گھر، ایک مسجد، ایک مندر، ایک لائبریری، ایک کمپیوٹر روم، کھیل کے میدان، عملے کے یونٹ اور نوجوانوں کے الگ گھر شامل ہوں گے۔
سندھ میں ایس او ایس ویلج کراچی، جامشورو اور خیرپور میں کامیابی سے کام کر رہے ہیں، جہاں ہزاروں یتیم بچوں کو معیاری تعلیم اور فنی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ پچھلے 40 سالوں میں سندھ میں SOS اداروں سے تقریباً 15,000 بچے اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں اور آزاد زندگی گزار رہے ہیں۔
SOS انٹرنیشنل دنیا کے 132 ممالک میں یتیموں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے۔ ایس او ایس کی بنیاد پاکستان میں 1975 میں رکھی گئی تھی، جبکہ 2025 میں ایس او ایس پاکستان نے اپنی شاندار خدمات کے 50 سال منائے۔
SOS پاکستان ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر سندھ حکومت کے محکمہ سماجی بہبود کے ساتھ رجسٹرڈ ہے اور اس وقت سندھ میں 12 مختلف یونٹ چلا رہی ہے



