تھر کول بلاک ون کی ڈمپنگ، گرد و غبار سے 10 ہزار آبادی متاثر، بیماریوں میں اضافہ، متاثرین کا احتجاج

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) تھر کول بلاک ون کے ڈمپنگ کے باعث 10 ہزار کی آبادی پر مشتمل گاؤں کھاریو غلام شاہ بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔

تھر کول بلاک ون کی کھدائی کے دوران پیدا ہونے والی گردوغبار کے باعث 10 ہزار کی آبادی پر مشتمل گاؤں کھاریو غلام شاہ شدید متاثر ہوا ہے۔

اس سلسلے میں متاثرہ دیہاتیوں سید احمد شاہ، سید حسن شاہ، سومار مہران پوٹو، رسول بخش مہران پوٹو، جادم مہران پوٹو، مہندرو بھیل، سورج جئپال، ہریش جئپال، ارجن میگھواڑ اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا گاؤں بلاک ون کی ڈمپنگ کی زد میں آ گیا ہے۔

ڈمپنگ سے اڑتی گردوغبار کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہو رہا ہے، ہم دمے، الرجی، جلد کی بیماریوں سمیت پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔گاؤں کا زمینی پانی نیچے چلا گیا ہے۔ ہم 3000 TDS لیول کا نمکین زہریلا پانی پینے پر مجبور ہیں۔رات گئے 300 ڈمپر اور بھاری مشینری کے شور سے بچے پریشان، ہم ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ ہمارے گاؤں میں لگائے گئے 3 آر او پلانٹس خراب حالت میں ہیں۔

بلاک ون پر کام کرنے والی کمپنیوں نے ہمیں شدید متاثر کیا ہے اور اس کے بدلے میں کوئی سہولت فراہم نہیں کی۔ ہمارے گاؤں میں 400 نوجوان بے روزگار ہیں، کمپنیوں نے کسی کو روزگار نہیں دیا، ایک طرف بلاک ون کی کان کنی گھروں تک پہنچ گئی، دوسری طرف بلاک ٹو ہمارے قریب آ گیا، ہم دونوں بلاکس کے درمیان ہیں۔ گوڑانو تک پائپ لائن ہمارے گاؤں سے گزرتی ہے، ہمارے لوگوں کو کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا، بلاک ون یا بلاک ٹو پر کام کرنے والی کوئی بھی کمپنی ہماری دیکھ بھال نہیں کر رہی،

ہم کوئلے سے متاثر ہوئے ہیں، سندھ حکومت ہماری شکایات نہیں سن رہی، ہم نے مسائل کی فائلیں وزیراعلیٰ کے حوالے کر دی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلاک ون پر کام کرنے والی کمپنیاں ہمارے ساتھ ظلم کی انتہا کر چکی ہیں، آج تک دیہاتیوں سے ایک بھی میٹنگ نہیں ہوئی، تمام کام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہو رہا ہے،

گاؤں میں باڑ لگا دی گئی ہے اور لوگوں کو قبرستان جانے کی اجازت نہیں ہے، بارش کے موسم میں کان کنی کی جگہ سے آنے والا پانی گھروں کو بہا دیتا ہے، مزارات اور قبرستان زیر آب آ جاتے ہیں،

حلقے کے منتخب نمائندے حالات کو سمجھنے ہمارے پاس کبھی نہیں آتے، ظلم جاری ہے، کوئی سننے والا نہیں، ہم ترقی کے مخالف نہیں، ترقی کے نام پر تباہی ہو رہی ہے، ہمیں ترقی کے بدلے بنیادی سہولتیں چاہیے، ہم کو ترقی کے مخالفین کہہ کر خاموش کرایا جا رہا ہے، ہمیں بنیادی سہولیات اور نوکریاں دی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button