میرے خلاف منظم پروپیگنڈے کے ذریعے آپریشن کی اجازت کا جھوٹا تاثر دیا جا رہا ہے: سہیل آفریدی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبرکا دورہ کیا جس دوران تحصیل باڑہ میں مقامی عمائدین اورعوامی جرگہ سے ملاقات بھی کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے تحصیل باڑہ میں مقامی عمائدین اور عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقل امن کے قیام کے لیے گرینڈ امن جرگے میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے کسی بھی آپریشن کی مخالفت کی تھی، اب اس امن ایجنڈے کو بھی سبوتاژکرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ میرے خلاف منظم پروپیگنڈے کے ذریعے آپریشن کی اجازت کا جھوٹا تاثر دیا جا رہا ہے۔ تیراہ میں شدید برفباری کے دوران آپریشن کا ڈھونگ رچانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ خودساختہ دہشتگردی کے بیانیے کی آڑ میں حکومت مخالف فضا بنانے کے لیے آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر واقعی نیت امن کی ہوتی تو صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا، بند کمروں میں کیے گئے فیصلے ہمیشہ نقصان کا باعث بنتے ہیں، قبائل تجربہ گاہ نہیں یہاں بھی انسان رہتے ہیں، ہم ان کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ضم اضلاع کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کو پوری قوت کے ساتھ فیصلہ کن مرحلے تک لے جایا جائے گا، کسی سرکاری نمائندے نے تاحال مجھ سے مذاکرات کے معاملے پر رابطہ نہیں کیا۔



