بھارت:پونے الیکشن میں ووٹروں کو مفت تحائف اور لگژری انعامات کی بھرمار

نیودہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے کے میونسپل انتخابات میں ابھی 3 ہفتے باقی ہیں ،ایسے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی دوڑ میں امیدوار ووٹروں کو لبھانے میں مصروف ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کے میونسپل الیکشن میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کی جانب سے ووٹروں کو لبھانے کے لیے مفت تحائف اور مراعات کی پیش کش کی جارہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ووٹرز کو ووٹ کے بدلے غیر ملکی دورے، مہنگی گاڑیاں، زیورات اور گھریلو خواتین کے لیے ساڑھیاں دینے کی پیش کش کی گئی ہے۔
ایک امیدوار نے ’لکی ڈرا‘ کے ذریعے 11 ووٹروں کو 1،100 مربع فٹ زمین دینے کا وعدہ کیا ہے، جس کے لیے ’رجسٹریشن‘ کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔
وِمان نگر کے امیدوار نے ووٹ کے بدلے شادی شدہ جوڑوں کے لیے تھائی لینڈ کے 5 روزہ لگژری ٹور کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر وارڈز میں بھی ووٹرز کو لکی ڈراز کے ذریعے مہنگی گاڑی، موٹر سائیکلیں اور سونے کے زیورات دیے جا رہے ہیں۔
خواتین ووٹرز کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اس لیے مہنگی ساڑھیاں پہلے ہی تقسیم کی جا چکی ہیں، جبکہ سلائی مشینیں اور سائیکلیں بھی بانٹی گئی ہیں۔
کھیلوں کے شوقین ووٹروں کو متوجہ کرنے کے لیے کرکٹ لیگز کا انعقاد بھی کیا گیا ہے، جن میں ایک لاکھ روپے تک کے نقد انعامات رکھے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کے میونسپل انتخابات 15 جنوری کو منعقد ہوں گے۔



