افغانستان سےپھر تاجکستان پر حملہ،2 سرحدی محافظ شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

دوشنبہ(جانوڈاٹ پی کے)افغانستان  سے تاجکستان  کی سرحد  پر دہشت گردوں کے حملے میں تاجکستان کے 2 سرحدی محافظ جاں بحق  اور 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  یہ واقعہ تاجکستان کے صوبہ ختلان کے ضلع شمس الدین شاہین اور افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے درمیان سرحدی علاقے میں پیش آیا۔

تاجکستان کی نیشنل سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہےکہ افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 تاجک سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے جب کہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

تاجک سرکاری خبر رساں ایجنسی خاور کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت اور ان کی تنظیم کا نام تاحال ظاہر نہیں کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔

تاجک حکام نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران افغانستان  سے دراندازی  اور دہشت گردی کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے جس میں فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔

تاجک حکام کا کہنا ہےکہ  یہ بار  بار ہونے والے حملے افغان طالبان انتظامیہ کی بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری میں  سنگین غفلت اور غیر ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

تاجکستان نے مطالبہ کیا ہےکہ طالبان قیادت تاجک عوام سے معافی مانگے اور  اپنی سرحدوں پر سکیورٹی یقینی بنانےکے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

تاجکستان نے واضح کیا ہےکہ  تاجک فورسز  اپنی سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اورکسی بھی بیرونی جارحیت یا اسمگلنگ کی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

مزید خبریں

Back to top button