مٹھی: یومِ قائداعظم پر ولی فاؤنڈیشن کا فری میڈیکل کیمپ، ہزاروں مریضوں کا مفت علاج، ڈی سی تھرپارکر کا افتتاح

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ولی فاؤنڈیشن کی جانب نؤ کوٹ کے قریب سندھ کے بیراج ایریا اور تھر کے سنگم ولی آباد میں یوم قائداعظم پر ایک روزہ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے کیا۔
کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں۔فری میڈیکل کیمپ میں علاقے کے دیہی مریضوں کی بڑی تعداد نے اپنا چیک اپ کروایا اور مفت ادویات حاصل کیں۔جبکہ اہل علاقہ نے ولی فاؤنڈیشن کے اس اچھے کام پر ولی فاؤنڈیشن کے سربراہ ولی نوہری کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھر کے نوجوانوں میں خدمت کا جذبہ ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں نے ثابت کیا ہے کہ تھر کے نوجوان اپنے مقامی لوگوں کی خدمت کو اپنا اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر سماجی کام کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن اور بھائی چارے کے ساتھ عوام کی خدمت کرنا کسی عبادت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ہر اچھے کام میں ہاتھ بٹائیں اور تھر کے لوگوں کی تکالیف کو کم کریں۔
کیمپ میں مختلف امراض کے ماہر 20 ڈاکٹرز، 4 لیڈی ڈاکٹرز، 17 جنرل فزیشنز نے حصہ لیا، جبکہ بچے اور ماں کو غذائیت کی جانچ اور خوراک کے حوالے سے مشورے دیئے گئے، جبکہ الٹراساؤنڈ کا بھی انتظام کیا گیا۔ جبکہ ہزاروں مریضوں کو او پی ڈی، مشورے اور مفت ادویات دی گئیں



