بھارت:چھتیس گڑھ میں دائیں بازو کے ہندو گروہوں کی جانب سے کرسمس کی سجاوٹ توڑ دی گئی

چھتی گڑھ(جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک شاپنگ مال میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب اس وقت کشیدگی کا شکار ہو گئی جب ہندو دائیں بازو سے وابستہ گروہوں نے مبینہ طور پر کرسمس کی سجاوٹ کو نقصان پہنچایا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مال میں مسیحی برادری کرسمس کی تقریبات کی تیاریوں میں مصروف تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق، دائیں بازو کے کارکنان نے مال میں داخل ہو کر کرسمس ٹری، سجاوٹی اشیاء اور دیگر علامتوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے دوران مال کی سکیورٹی اور انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دی۔

مقامی مسیحی رہنماؤں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی عدم برداشت اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی ایک اور مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتی برادریوں، خصوصاً مسیحیوں اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی آزادی کے تحفظ اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button