سرگودھا پریس کلب کے زیر اہتمام قائد اعظم اسپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریبات کا شاندار آغاز کر دیا گیا

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے)سرگودھا پریس کلب کے زیر اہتمام قائد اعظم اسپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریبات کا شاندار آغاز کر دیا گیا۔افتتاح کنٹونمنٹ ایگزیکٹو افیسر ارسلان حیدر ہاشمی نے کیا جبکہ قومی و مقامی گلو کاروں نے موسیقی کا تڑکا لگایا۔تفصیلات کے مطابق سرگودھا پریس کلب نے قائد اعظم سپورٹس گالا کی رنگا رنگ تقریبات کا اغاز کر دیا۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ارسلان حیدر ہاشمی تھے، جنہوں نے باقاعدہ طور پر اسپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔سرگودھا پریس کلب پہنچنے پر صدر پریس کلب عبدالحنان چودھری، جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان اور دیگر سینئر صحافیوں نے مہمانِ خصوصی کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ارسلان حیدر ہاشمی نے صحافیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور خوشگوار ماحول میں صحافی برادری سے گھل مل گئے، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارسلان حیدر ہاشمی نے کہا کہ صحافیوں کے لیے اسپورٹس گالا کا انعقاد ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے نہ صرف صحافیوں بلکہ ان کی فیملیز کو بھی تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ“صحافت ایک ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور صحافی ہمہ وقت دباؤ میں کام کرتے ہیں، ایسے میں کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ذہنی تازگی اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔”کنٹونمنٹ بورڈ سرگودھا کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ارسلان حیدر ہاشمی نے کہا کہ کنٹونمنٹ ایریا میں صفائی، انفراسٹرکچر کی بہتری، عوامی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ صحافی برادری کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دے گا۔تقریب سے صدر سرگودھا پریس کلب عبدالحنان چودھری، جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان اور سینئر صحافی شہزاد شیرازی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے قائد اعظم اسپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کو صحافی برادری کے لیے ایک مثبت اور خوشگوار سرگرمی قرار دیتے ہوئے اس کے انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سینئر صحافی راؤ اسلم فراز نے انجام دیے جبکہ تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت عمر فاروق گوندل نے حاصل کی۔سرگودھا پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ قائد اعظم اسپورٹس گالا اینڈ فیملی فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریب میں ملک کے نامور گلوکار ثاقب علی شیر اوردیسی منڈانے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے موسیقی کے رنگ بکھیرے، جس سے محفل مزید خوشگوار ہو گئی۔تقریب میں صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اسپورٹس گالا اور فیملی فیسٹیول کی تقریبات آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گی۔



