قائداعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور حق گوئی کی روشن مثال تھی، محسن نقوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قائد اعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور حق گوئی کی روشن مثال تھی۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے اصول پسندی، دیانت اور بے مثال جدوجہد سے تاریخ کا رخ موڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور حق گوئی کی روشن مثال تھی، برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے قائدِ اعظم کی تاریخ ساز جدوجہد کو سلام ہے، ناقابل یقین محنت اور غیر متزلزل عزم سے قائدِ اعظم نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو منظم تحریک میں بدلا۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم ؒ نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور آزاد مسلم ریاست کے خواب کو عملی تعبیر دی، قائداعظم نے ریاست کو قانون، مساوات اور مذہبی آزادی کی بنیادوں پر استوار کرنے کا واضح وژن دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ قائداعظم نے اقلیتوں کے حقوق پر بہت زور دیا، قائداعظم کی بدولت آج ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں اور یہ احسان تاقیامت نہیں اتار سکتے، قائد اعظم کے زریں اصول ہمیں سکھاتے ہیں کہ ترقی کا راستہ ایمانداری، خود احتسابی اور قومی یکجہتی سے ہو کر گزرتا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ قائدِ اعظم کے سنہرے اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم کو زندگی کا محور بنائیں گے، پائیدار ترقی و خوشحالی کی منزل قائد اعظم ؒ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، یہ دن محبت، قربانی، بھائی چارے اور امن کے پیغام کی یاد دہانی ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے رواداری، انسانیت کے احترام اور ہمدردی کی اعلی اقدار کی تبلیغ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کا محور ایک طبقہ نہیں بلکہ پوری انسانیت تھی، مسیحی برادری کو اپنی مذہبی و ثقافتی رسومات مکمل آزادی اور جوش و جذبے سے منانے کا مکمل حق حاصل ہے، تعلیم، صحت، دفاع، سماجی خدمات اور قومی تعمیر میں مسیحی برادری کا کردار قابل فخر اور ناقابل فراموش ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ قانون کی پاسداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے، مسیحی برادری نے ہر مشکل وقت میں ملک کے ساتھ وفاداری، قربانی اور خدمت کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے، پاکستان کا آئین اقلیتی برادریوں کے حقوق کا تحفظ کا ضامن ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کا فروغ ہی مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں ہر مذہب کے ماننے والے کو مساوی عزت، تحفظ اور یکساں مواقع میسر ہوں گے۔



