پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا مالی سکینڈل، کروڑوں روپے کا ائیرپورٹ ٹیکس خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے ائیرلائنزسے وصول کردہ کروڑوں روپے کا ائیرپورٹ ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے آڈٹ کے دوران انکشاف ہوا کہ پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی نے 2024،2025 میں ائیرلائنزسے وصول کردہ کروڑوں روپے کا ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرایا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق اتھارٹی نے 46 کروڑ 87 لاکھ 55 ہزارروپے کا ائیرپورٹ جمع کیا تاہم اسے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرایا۔ ٹیکس کی رقم سال برائے 2023،2024 میں مسافروں کوجاری ٹکٹس کی مد میں وصول کی گئی۔ رقم جمع نہ کرائے جانے پرمبینہ بے ضابطگی کے بارے دسمبر2024 میں اتھارٹی کو بھی آگاہ کیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے رقم کی عدم وصولی کا اعتراف اور وصولی پر جمع کرانے کا جواب دیا گیا، ائیر پورٹ ٹیکس کی عدم وصولی اتھارٹی کے کمزورمالی سسٹم کی نشاندہی کرتی ہے۔



