عوام کیلئے ضروری اشیاء کی فراہمی اور مناسب قیمتوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر بدین

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ کام.پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیرِ صدارت کمیٹی روم میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف ضلعی سطح پر قائم کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین نے کہا کہ اجلاس کا مقصد ضلع میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دستیابی، قیمتوں اور ان کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی یا اسمگلنگ کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ضروری اشیاء کی فراہمی اور مناسب قیمتوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کے خلاف نافذ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے، خصوصاً گندم کے آٹے اور چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے گوداموں اور وہاں موجود آٹے اور چینی کے اسٹاک کی جانچ پڑتال کی جائے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز نصراللہ انڑ اور پرائس انسپکٹر عقیل الدین کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اجلاس میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر رمیش کمار، اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، اسسٹنٹ کمشنر شہید فاضل راہو محمد عاطف شفیق، اسسٹنٹ کمشنر تلہار عبدالغفار ملاح، اسسٹنٹ ایگریکلچر انیس راہمون، ایف ایس او راشد علی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی



