گجرانوالہ: پادری کے قتل میں ملوث دو ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

گجرانوالہ (جانوڈاٹ پی کے)گجرانوالہ کے سول لائن کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پادری کے قتل میں ملوث دو شوٹر مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ملزمان اکرام اللہ اور شعیب کو برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی، جہاں راستے مییں ملزمان کے 3 نامعلوم ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ دو طرفہ فائرنگ کے دوران کرائے کے دونوں قاتل اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان نے 5 دسمبر 2025ء کو مسیحی پادری کامران کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ ملزمان کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے فوری نوٹس لیتے پوئے ایس پی سول لائن سے رپورٹ طلب کر لی۔ ایس ڈی پی او سیٹلائٹ ٹاؤن کی زیر نگرانی فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



