مسجدِ نبویﷺ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے

مدینہ منورہ (مانیٹرنگ ڈیسک)مدینہ منورہ میں مسجدِ نبویﷺ کے معروف مؤذن شیخ فیصل نعمان پیر کے روز انتقال کر گئے۔

حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سےسوشل میڈیا پرجاری کردہ بیان کےمطابق ان کی وفات 22 دسمبر کو ہوئی،جس کے بعد اگلے روز 23 دسمبر کو بعد از نمازِ فجر مسجدِ نبویﷺ میں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں حکام اور زائرین کی بڑی تعداد نےشرکت کی، جس کے بعد مرحوم کو مدینہ منورہ کے تاریخی قبرستان جنت البقیع میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

شیخ فیصل نعمان کا تعلق ایک ایسے معزز خاندان سے تھا جس کی کئی نسلیں مسجدِ نبویﷺ میں اذان دینے کی سعادت حاصل کر چکی ہیں۔ انہیں سنہ 2001 میں باقاعدہ طور پر مؤذن مقرر کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے مسلسل 25 برس تک اپنی خدمات انجام دیں۔ انکے والد اور دادا بھی اسی منصب پر فائز رہ چکے ہیں،خاص طور پر ان کے والد نے محض 14 برس کی عمر میں ذمہ داریاں سنبھالیں اور 90 سال سے زائد کی عمر میں اپنی وفات تک اس مقدس فریضے سے وابستہ رہے۔

شیخ فیصل نعمان کی وفات پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور ‘ان سائیڈ دی حرمین’ کی جانب سے ان کی آخری اذان کی یادگار ویڈیو بھی شیئرکی گئی ہے جو انہوں نے رواں برس 2 نومبر کو دی تھی،انتظامیہ اور مداحوں کی جانب سے ان کی طویل دینی خدمات کوبھرپورخراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button