مقبوضہ علاقوں میں ایک اور خونی صبح، صیہونی افواج کے چھاپوں میں مزید 24 فلسطینی زخمی

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اور پرتشدد کارروائی کرتے ہوئے کم از کم 24 فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
طبی ذرائع کے مطابق یہ خونریز چھاپہ قلانڈیا پناہ گزین کیمپ اور کفر عقب کے قصبے میں مارا گیا جو مقبوضہ مشرقی یروشلم کے شمال میں واقع ہیں۔
فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کے طبی عملے نے اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے 24 افراد کو طبی امداد فراہم کی۔
زخمیوں میں تین افراد کو براہِ راست گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جن میں ایک 15 سالہ فلسطینی لڑکا بھی شامل ہے، جسے ران میں گولی ماری گئی۔
یروشلم گورنریٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے منگل کی صبح سویرے قلانڈیا کیمپ اور کفر عقب پر دھاوا بولا۔
کارروائی کے دوران فوجی بلڈوزر استعمال کیے گئے جبکہ درجنوں اسرائیلی فوجی مرکزی شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں تعینات کر دیے گئے۔



