طلاق کے بعد نادرا ریکارڈ سے سابقہ شریک حیات کا نام ہٹانے کا طریقہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے سابقہ شریک حیات کا نام نکالنے اور طلاق کے بعد کوائف کی تبدیلی کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے۔

نادرا نے ان شہریوں کیلیے ایک اہم وضاحت جاری کی ہے جو طلاق کے بعد اپنا ازدواجی اسٹیٹس تبدیل کرنا اور اپنے شناختی کارڈ و نادرا ریکارڈ سے سابقہ شریک حیات کا نام نکلوانا چاہتے ہیں۔

نادرا کے مطابق شہریوں کو اپنے ڈیٹا بیس میں ازدواجی حیثیت کو شادی شدہ سے تبدیل کر کے طلاق یافتہ کروانے کی اجازت ہے۔

ریکارڈ کی تبدیلی کا طریقہ کار:

  • سب سے پہلے فیملی کورٹ یا مصالحتی کمیٹی سے باضابطہ خلع یا طلاق نامہ حاصل کرنا ضروری ہے
  • اس کے بعد اُس یونین کونسل سے رابطہ کرنا ہوگا جہاں نکاح کا اندراج کرویا گیا تھا
  • یونین کونسل میں طلاق کے سرٹیفکیٹ کیلیے درخواست جمع کرانی ہوگی
  • درخواست کیلیے فریقین کے نام، طلاق کی تاریخ، شناختی کارڈ کی کاپیاں اور گواہان کی معلومات فراہم کرنا لازمی ہے
  • یہ عمل مکمل ہونے پر یونین کونسل سے طلاق کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے

نادرا نے یہ وضاحت سوشل میڈیا پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں دی جس میں ایک شہری نے شکایت کی تھی کہ یونین کونسل سے طلاق کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے باوجود نادرا ریکارڈ میں اب بھی سابقہ شریک حیات ’بیوی‘ کے طور پر موجود ہے۔

اس پر نادرا نے واضح کیا کہ مرد اور عورت دونوں کو انفرادی طور پر نادرا کے دفتر جا کر کمپیوٹرائزڈ طلاق نامہ جمع کروانا ہوتا ہے تاکہ ان کا ازدواجی اسٹیٹس اپ ڈیٹ ہو سکے۔

ازدواجی حیثیت صرف اسی صورت میں اپ ڈیٹ کی جائے گی جب سرکاری دستاویزات فراہم اور ان کی تصدیق ہو جائے گی تاکہ قومی ریکارڈ کی درستگی اور قانونی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button