ریاض میں کامیاب آپریشن: 6 پاکستانی گرفتار، 71 کلوگرام منشیات برآمد

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 6 پاکستانیوں کو حراست میں لیکر 71 کلوگرام منشیات بھی تحویل میں لے لی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ کارروائی سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے انجام دی۔

سعودی وزارت داخلہ کے سیکیورٹی ترجمان طلال الشلہوب نے بتایا کہ ملزمان کو اُس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جب وہ میتھایمفیٹامین کی بڑی کھیپ وصول کر رہے تھے۔

انھوں نے منشیات اسمگلنگ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق پاکستان سے ہیں، جنھیں عدالت میں پیش کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں انسداد منشیات اسمگلنگ کے لیے سخت قوانین اور سزائیں رائج ہیں۔ جرم ثابت ہونے پر عمومی طور پر منشیات اسمگلر کا سر قلم کیا جاتا ہے۔

طلال الشلہوب نے ایک اور کارروائی کے بارے میں بتایا کہ عمانی حکام کے ساتھ بروقت کارروائی میں منشیات اسمگلنگ کی دو بڑی کوششیں ناکام بنا دیں جس میں 200 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئیں۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کی اسمگلنگ یا ترسیل سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع 911 یا 999 اور 885 پر دی جاسکتی ہے۔ معلومات دینے والا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button