علی پور چٹھہ :سی پی او گوجرانوالہ نے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث 2اے ایس آئی نوکری سے فارغ کردئیے

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) علی پور چٹھہ کرپشن و بدعنوانی پر دو اے ایس آئی نوکری سے فارغ، سی پی او گوجرانوالہ کا سخت ایکشن۔ تھانہ علی پور چٹھہ میں کرپشن، بدعنوانی اور دیگر سنگین الزامات پر سی پی او گوجرانوالہ نے بڑا انتظامی قدم اٹھاتے ہوئے دو اے ایس آئیز کو نوکری سے فارغ کر دیا۔ پولیس حکام کے اس اقدام کو محکمہ میں احتساب اور میرٹ کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ علی پورچٹھہ میں تعینات اے ایس آئی ذوالقرنین سیکھو اور اے ایس آئی کرامت علی کے خلاف کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر معاملات پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کے دوران دونوں اہلکاروں پر عائد الزامات ثابت ہو گئے، تاہم وہ متعدد بار انکوائری میں پیش ہونے سے بھی گریز کرتے رہے۔ جس پر سی پی او گوجرانوالہ نے محکمانہ کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی کرامت علی اس سے قبل بھی رسول نگر میں ایک سنگین واقعہ میں ملوث رہا، جہاں ملزمان کو برہنہ کرنے کے الزام میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود وہ مختلف تھانوں میں تعیناتی کے بعد دوبارہ تھانہ علی پور چٹھہ میں پہنچ جاتا رہا، جو پولیس نظام پر سوالیہ نشان تھا۔ دوسری جانب اے ایس آئی ذوالقرنین سیکھو طویل عرصے سے تھانہ علی پور چٹھہ میں تعینات تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس دوران اس پر میرٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور انصاف کے تقاضوں کو پامال کرنے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے۔ عوامی حلقوں نے سی پی او گوجرانوالہ کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس قسم کے سخت اقدامات سے نہ صرف محکمہ پولیس میں کرپشن کا خاتمہ ہوگا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہو سکے گا۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔



