وزیرآباد: دریائے چناب سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمد، پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)دریائے چناب سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمد، پوسٹ مارٹم کے لیے وزیر آباد منتقل۔ علی پور چٹھہ کے قریب دریائے چناب سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کی عمر تقریباً 30 سال بتائی جا رہی ہے، جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ لاش ہیڈ قادر آباد کے مقام سے برآمد ہوئی جو پولیس چوکی رسولنگر کو موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ علی پور چٹھہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش اور ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال وزیر آباد منتقل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق خاتون کی شناخت اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت کے لیے قریبی اضلاع اور تھانوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو خاتون کے بارے میں کوئی معلومات حاصل ہوں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button