شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں سندھی ثقافتی رنگا رنگ تقریب

اسلام آباد/مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (یونیورسٹی)، اسلام آباد کیمپس میں ثقافتی دن نہایت جوش و خروش اور روایتی رنگوں کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ کاری، کو تقریب کا مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے سندھ کی ثقافت کی شاندار تاریخ اور تہذیبی ورثے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے سندھ کی نامور اور عظیم شخصیات کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ثقافتی اقدار اور روایات کو زندہ رکھیں۔
یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے سندھی گیت پیش کیے اور روایتی ٹبلو کی خوبصورت پرفارمنس دی، جس میں مثالی نظم و ضبط اور ثقافتی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں مختلف ثقافتوں کے احترام، اتحاد اور قومی یکجہتی کا پیغام نمایاں رہا۔



