بدین، ہر مذہب و طبقے کے افراد کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ کام.پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیرِ صدارت کمیٹی روم میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اور بچوں کے تحفظ سے متعلق اہم اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ ضلع بدین ہمیشہ امن، برداشت اور بھائی چارے کی روایات کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے، جہاں مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے لوگ محبت، احترام اور باہمی رواداری کے ساتھ مل جل کر زندگی گزارتے ہیں انہوں نے کہا کہ بدین کی سرزمین محبت، امن اور رواداری کا مرکز رہی ہے، اور ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان اعلیٰ انسانی اقدار کو مزید فروغ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر ایسا سماجی ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر مذہب اور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد خود کو محفوظ اور باوقار محسوس کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین المذاہب رواداری کو مضبوط بنانے کے لیے تعلیم، آگاہی اور باہمی تعاون بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ سماجی تنظیموں، مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کو مل کر امن اور یکجہتی کے پیغام کو آگے بڑھانا ہوگا ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا تحفظ ریاست کی ایک اہم ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو مشترکہ کوششوں کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی، تشدد، جبری مشقت اور حق تلفی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے معاملات میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈی سی بدین نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اسکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کر کے انہیں تعلیم سے جوڑا جائے، چائلڈ لیبر کے خلاف مہم تیز کی جائے اور بچوں کے تحفظ سے متعلق موجودہ قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو غلط صحبت اور منشیات سے بچانے کے لیے کھیل کے میدانوں اور لائبریریوں کو آباد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر قرأت، نعت، تقاریر اور سائنسی مقابلے منعقد کرنے سے بچوں اور نوجوانوں کو ایک بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکتا ہے اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن دین محمد ڈیرو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ کمشنر تلہار عبدالغفار ملاح، اسسٹنٹ کمشنر شہید فاضل راہو عاطف شفیق، ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر محمد خان سومرو، اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالحمید سومرو، لیبر آفیسر سمیت مختلف مذاہب کے رہنماؤں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی



