مٹھی میں چیمپئن لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز، کھیلوں سے نوجوانوں میں مثبت رجحان پیدا ہوگا، ارباب امیر امان اللہ

مٹھی (رپورٹ : ميندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر ضلعے کے ہیڈ کوارٹر مٹھی میں تھر کے ارباب امیر حسن کے نام سے منسوب اسپورٹس گراؤنڈ میں تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔جس کا باقاعدہ افتتاح ایم پی اے ارباب امیر امان اللہ، ارباب امیر انعام اللہ اور راہول کے ڈی جیون نے کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کرکٹ ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علاقہ کی معزز شخصیات، کرکٹ کے شائقین اور نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تین روزہ ٹورنامنٹ میں سندھ سے مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے حصہ لیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل جیتنے والے کے لیے ایک لاکھ روپے جبکہ بہترین رنر کے لیے 50 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایم پی اے ارباب امیر امان اللہ نے کہا کہ کرکٹ لیگ سے خطے میں کھیلوں کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا رجحان پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابقہ دور میں جب ایم پی اے ارباب لطف اللہ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کھیل تھے، تھرپارکر میں 28 سے زائد کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا گیا۔
ایم پی اے ارباب امیر امان اللہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو ترجیح دی ہے اور مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے دن کے میچز میں تھر واریئر نے دو میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی جبکہ تھر سلطان نے بھی دو میچز کھیل کر ٹاپ پوزیشن پر براجمان رہی۔ خیبر الیون نے دو میں سے ایک میچ جیتا اور ایک ہارا جبکہ تھر ہیلتھ واریئرز نے بھی ایک میں کامیابی حاصل کی اور دو میں سے ایک میچ ہارا۔ ساگر سپر کنگز، تھر لعل قلندرز، شاہین گلیڈی ایٹرز اور کنگ الیون نے ایک ایک میچ کھیلا اور اسے شکست ہوئی جبکہ فائنل کی تقریب کل ہو گی۔ پی پی پی کے ایم پی اے ارباب لطف اللہ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور نقد انعامات سے نوازیں گے۔



