افغان طالبان کی جانب سے منشیات اور شراب کی اسمگلنگ پر 11 افراد کو سرعام کوڑے مارے گئے

کابل(جانوڈاٹ پی کے)افغان طالبان کی جانب سے منشیات اور شراب کی اسمگلنگ کے جرم میں سزا کے طور پر 11 افراد کو سرِعام کوڑے مارے گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے زیرانتظام سپریم کورٹ نے پیر کو اس سزا کی تصدیق کی، عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کو نشہ آور گولیوں کے ساتھ ساتھ میتھامفیتامین، شراب اور چرس کی اسمگلنگ اور فروخت کے الزامات پر سزا دی گئی۔
بیان کے مطابق ہر مجرم کو 10 سے 30 کوڑوں کی سزا سنائی گئی جبکہ انہیں 7 ماہ سے 3 سال تک قید کی سزا بھی دی گئی۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان سپریم کورٹ کے بیانات سے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 3 ماہ کے دوران افغانستان میں جسمانی سزاؤں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ان اعداد کے مطابق اس عرصے میں کم از کم 346 افراد کو کوڑے مارے جا چکے ہیں۔
اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیمیں بارہا طالبان سے جسمانی سزاؤں کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ کر چکی ہیں اور خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کی سزائیں بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔



