پنجاب حکومت کا صوبے میں تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے بڑا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب حکومت کا صوبے میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں تیل و گیس کی تلاش کے حقوق پنجاب گرڈ انرجی کمپنی کو دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گارملہ آئل اینڈ گیس بلاک بغیر بولی کے پنجاب انرجی ہولڈنگ کمپنی کے حوالے کیا جائے گا۔ پوٹھوہار ریجن میں واقع یہ بلاک تقریباً 1500 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جہاں 45 ملین بیرل تیل کے ذخائر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق گارملہ بلاک میں تیل و گیس کی دریافت کے امکانات 23 فیصد ہیں، جبکہ اس منصوبے پر 35 سے 45 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ منصوبے میں پنجاب گرڈ انرجی کمپنی 51 فیصد شیئر اپنے پاس رکھے گی، جبکہ باقی 49 فیصد شیئر پبلک سیکٹر جوائنٹ وینچر پارٹنر کو دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس تیل و گیس منصوبے سے نہ صرف توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مقامی سطح پر ترقی کا عمل تیز ہو گا۔
واضح رہے کہ گارملہ بلاک راولپنڈی، چکوال اور جہلم کے اضلاع پر مشتمل ہے، جہاں پہلے سے بھی کئی فعال آئل فیلڈز موجود ہیں، جس سے اس منصوبے کی کامیابی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔



