لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر آگیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر آ گیا۔

ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 192 ریکارڈ کی گئی، جو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ کینال روڈ پر آلودگی کی شرح سب سے زیادہ 707 ریکارڈ کی گئی، جو انتہائی خطرناک سطح ہے۔ جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 560 جبکہ سول سیکرٹریٹ کے علاقے میں 530 ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح عسکری ٹین میں فضائی آلودگی کی شرح 296، برکی روڈ پر 238 اور اقبال ٹاؤن میں مجموعی شرح 192 ریکارڈ ہوئی۔ نسبتاً بہتر علاقوں میں ڈی ایچ اے فیز فائیو شامل ہے، جہاں آلودگی کی شرح 149 ریکارڈ کی گئی، تاہم یہ سطح بھی حساس افراد کے لیے نقصان دہ سمجھی جاتی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث سانس، آنکھوں اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے, شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز، ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں سے اسموگ کے تدارک کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button