برسلز میں پاکستان اور یورپی یونین کا مشترکہ کمیشن اجلاس، سیاسی، معاشی اور انسانی حقوق پر تفصیلی تبادلۂ خیال

برسلز(جانوڈاٹ پی کے)برسلز میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مشترکہ کمیشن کا 15 واں اجلاس ہوا جس دوران سیاسی، معاشی، انسانی حقوق اور تجارتی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے خطے کے استحکام کیلئے اپنی دیرینہ شراکت داری کی اہمیت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برسلز میں منعقدہ پاکستان یورپی یونین مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں جمہوریت، طرزِ حکمرانی، انسانی حقوق، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تارکینِ وطن، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر بھی گفتگو ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ فریقین نے خطے کے استحکام کے لیے اپنی دیرینہ شراکت داری کی اہمیت پر عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی سے متعلق ذیلی گروپ کے اجلاس میں جی ایس پی پلس کے تحت کنونشنز پر عملدرآمد، میڈیا کی آزادی، مزدوروں اور اقلیتوں کے حقوق پر بات چیت کی گئی، جبکہ تجارت سے متعلق ذیلی گروپ میں مارکیٹ تک رسائی، تجارتی چیلنجز اور کثیرالجہتی تجارتی نظام کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔



