مٹھی میں تھرپارکر میڈیا سینٹر کے نئے دفتر کا افتتاح،چیئرمین ضلع کونسل غلام حیدر سمیجو کا صحافت کے کردار کو خراجِ تحسین

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی میں تھرپارکر میڈیا سینٹر کے نئے دفتر کا افتتاح چیئرمین تھرپارکر ڈسٹرکٹ کونسل غلام حیدر سمیجو نے سول سوسائٹی کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر ضلع کونسل کے چیئرمین غلام حیدر سمیجو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر میڈیا سینٹر نے ہمیشہ تھر کے مظلوم عوام کا مقدمہ ملکی سطح پر اٹھایا ہے۔ ان کی ادبی خدمات قابل تحسین ہیں۔ سندھ کی صحافت کا جب بھی ذکر ہوتا ہے، تھرپارکر میڈیا سینٹر مٹھی کا ذکر ضرور آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کے ہر مسئلے کو اجاگر کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی ہر ایشو پر کی جانے والی رپورٹنگ کو دیکھ کر عوام کے جائز بنیادی مسائل حل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ میڈیا عوام کے ہر مسئلے پر رپورٹنگ کرے تاکہ ہم عوام کو انصاف فراہم کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے دوستوں کے ساتھ ہمارا تعاون جاری رہے گا اور وہ تھر کے عوام کی حقیقی آواز بھی بنیں گے۔ تھرپارکر میڈیا سنٹر مٹھی کے صدر اعجاز بجیر نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیس سال سے ایک ہی جگہ پر بیٹھ کر تھر کے عوام کے مسائل کا حل گھروں تک پہنچا رہے ہیں۔ ہم تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم ہمیشہ اپنے قلم کے ذریعے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ ہم نے ایوانوں کے دروازے کھٹکھٹائے ہیں اور مزید بہتر طریقے سے کام کرتے رہیں گے اور عوام کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ویرجی کولہی، ضلع کونسل کی وائس چیئرمین کملا بھیل، ٹریڈ ایسوسی ایشن کے صدر شام سندر، اسلم قائم خانی، تھر سٹیزن فورم کے چیئرمین اوبھایو جونیجو، تھر بار کے رہنماؤں سبحان سمیجو، عاشق بُجیر، جماعت اسلامی کے یاسین خان، اسلام کوٹ پریس کلب کے صدر غازی اور دیگر نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ تھر میڈیا سینٹر کا کردار تھر کی صحافت میں نمایاں رہا ہے اور انہوں نے ہمیشہ تھر کے مظلوم عوام کے مسائل کو اجاگر کیا ہے اور تھر کے قدرتی معدنی وسائل سمیت بنیادی مسائل پر لکھا ہے اور عوام کی بھرپور نمائندگی کی ہے۔ امید ہے کہ ماضی کی طرح میڈیا کے دوست بھی اپنا کردار غیر جانبداری سے ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر تاجر رہنما، صحافی ساجد بجیر، لیاقت نہڑیو، گلزار گل اوٹھو، جاوید بجیر، دلیپ ہرانی، ساحل بالانی، مریم صدیقہ، رمیش کمار، مہتاب ہنجرو، ولی نہڑیو، اشرف کنبھر، کریم سمیجو اور سول سوسائٹی کے اراکین موجود تھے۔ قائدین مولا بخش بجیر، راشد پٹھان، پھڑسرام سوتھر اور ضلعی عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



