لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کا سسٹم داخل، بادل کب برسیں گے؟ برفباری کہاں ہوگی؟

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب بھر میں موسم کی شدت کے ساتھ بارش کا سسٹم داخل ہوگیا ہے، جس کے بعد مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے متعلق پیش گوئی سامنے آ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ہے، تاہم سسٹم کمزور ہونے کے باعث آج کا دن بادل چھانے اور دھند و فوگ کی صورتحال میں گزرنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ کل لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں خشک موسم کے باعث پھیلنے والی بیماریوں جیسے نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار سے شہریوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ بارشوں کے باعث دھند اور اسموگ کی صورتحال میں کمی آئے گی۔ انہوں نے شہریوں کو اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کے استعمال اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہے جب کہ مری میں سیاحوں کے لیے سہولت مراکز قائم ہیں اور ہنگامی صورتحال میں 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔



