اقوام متحدہ رپورٹ نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کو بے نقاب کر دیا، صدر مملکت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کی رپورٹ نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کو بے نقاب کر دیا ہے۔
آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق ماہرین کی رپورٹ پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی توثیق ہے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ نے بھارت کے غیرذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کو بےنقاب کردیا ہے، دوسرے ملکوں میں بھارتی مداخلت اور قتل وغارت کی رپورٹس خطرناک رجحان ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پانی کے بہاؤکو متاثرکرنے والی کارروائیاں پاکستان کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں، قانون اور مکالمے کی بجائے دھمکی، طاقت اور تشدد بھارت کی عادت ہے، بھارت اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔



