پی آئی اے کی نجکاری ہوئی تو خودکشی کر لیں گے،پرائیوٹائزیشن ہر صورت روکیں گے:ملازمین کی دھمکی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کیخلاف پیپلز یونٹی کے کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہم کسی صورت نجکاری ہونے نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے پیپلز یونٹی کے زیر اہتمام پی آئی اے ٹاؤن آفس لاہور کے باھر ملازمین کا احتجاجی بینرز اٹھا کر سڑک پر نکل آئے اور نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے اور مطالبہ کیا کہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجکاری کرنے جارہے ہیں نجکاری فوری روکی جائے۔
صدر پیپلز یونٹی رانا کاشف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی آئی اے ڈیرھ برس سے اربوں روپے منافع کما رہی ہے یورپ اور دیگر ممالک کے روٹس بحال ہو چکے ہیں نجکاری کرنی ہے تو ملازمین کے حوالے کریں۔
انہوں نے کہا کہ جو کمپنی جتنی بولی دے گی ہم اس سے زیادہ دینے کو تیار ہیں، جہاز دیں اور جو جہاز خراب ہیں ان کو ٹھیک کرانے کی اجازت دی جائے کیونکہ ہمیں مرمت کرانے کی اجازت نہیں دی گئی اونے پونے داموں مافیا کو فروخت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
رانا کاشف نے کہا کہ اگر نجکاری ہوئی تو ہم خودکشی کر لیں گے اور اس پرائیوٹائزیشن کو ہر صورت روکیں گے۔
رانا کاشف نے کہا کہ نہ پارلمینٹ سے نہ کونسل آف کامن انٹرسٹ سے منظور ی کی گئی پی آئی اے ایک ریاستی ادارہ ہے آئین اور قانون اس بات کی اجازت ہی نہیں دیتا اگر پارلیمنٹ نے منظور ی دی ہے تو دیکھائیں بارہ سو ارب سے زائد کے اثاثوں کی مالک ہے اور قیمت سو ارب روپے لگائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے جتنے بھی قرضے لیے سب ادا کیے، پی آئی اے کے صرف فضائی روٹس ہی اربوں ڈالر کے ہیں اگر حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو فضائی آپریشن معطل کر دیں گے۔



